پیپلز پارٹی نے ایک بار پھر خبردار کیا ہے کہ اگر متنازع نہروں کا منصوبہ واپس نہ لیا گیا تو حکومت سے علیحدہ ہو جائیں گے۔
سندھ کے صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نہروں کا منصوبہ پیپلز پارٹی کے لیے سرخ لکیر ہے اور اگر اسے زبردستی جاری رکھا گیا تو ہم وفاقی حکومت کا حصہ نہیں رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی انتشار نہیں چاہتی، لیکن قومی مفاد اور صوبائی خودمختاری پر سمجھوتہ بھی ممکن نہیں ، ارسا نے پانی سے متعلق غلط اعداد و شمار پیش کیے جبکہ حالیہ جائزے کے مطابق پانی کی اتنی مقدار دستیاب ہی نہیں کہ اس منصوبے کو جاری رکھا جا سکے۔
ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ ملک میں دہشتگردی کے تانے بانے پاکستان دشمن قوتوں سے ملتے ہیں ، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کیساتھ کھڑے ہیں ، جو عناصر دشمنوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں، ان کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔