حکومت مثبت اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ کے فروغ پر یقین رکھتی ہے،سیکریٹری اطلاعات دلدار احمد ملک

0

 

گلگت: محکمہ اطلاعات گلگت بلتستان کے زیر اہتمام "ابھرتے چیلنجز اور ڈیجیٹل میڈیا کا کردار” کے عنوان سے گلگت میں ایک روزہ مشاورتی سیشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں گلگت ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ڈیجیٹل میڈیا سے وابستہ صحافیوں نے شرکت کی۔

سیشن کی صدارت سیکریٹری اطلاعات گلگت بلتستان دلدار احمد ملک نے کی، جبکہ ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات احسان اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات فاروق احمد اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

مشاورتی سیشن کے دوران ڈیجیٹل میڈیا کے صحافیوں کی جانب سے میڈیا کے شعبے میں بہتری کے لیے مختلف تجاویز پیش کی گئیں، جن میں ایکسپوژر ٹرپس، صحافیوں کی فلاح و بہبود، اور انہیں جدید رجحانات سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ شرکاء نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ صحافیوں کے ساتھ بہتر ورکنگ ریلیشن شپ قائم کی جائے تاکہ پیشہ ورانہ ترقی اور باہمی اعتماد کو فروغ دیا جا سکے۔

سیکریٹری اطلاعات دلدار احمد ملک نے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مثبت اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ کے فروغ پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ صحافیوں کی جانب سے دی گئی تجاویز پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا اور ان پر عملی اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صحافیوں کی پیشہ ورانہ تربیت، فلاح و بہبود کے لیے انڈومنٹ فنڈ کا قیام، اور اشتہارات سے متعلق پالیسی کو شفاف، منصفانہ اور میرٹ پر مبنی بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ اطلاعات جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اصلاحاتی عمل جاری رکھے گا۔

سیکریٹری اطلاعات نے اعلان کیا کہ اسی نوعیت کے مشاورتی سیشنز دیامر-استور ڈویژن اور بلتستان ڈویژن کے ڈیجیٹل میڈیا صحافیوں کے ساتھ بھی منعقد کیے جائیں گے، تاکہ تمام ڈویژنز کے نمائندگان کی آراء کو شامل کیا جا سکے اور پورے خطے میں میڈیا کے فروغ کے لیے ایک جامع پالیسی مرتب کی جا سکے، جس کے مثبت اور دیرپا نتائج برآمد ہوں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.