
حب (نمائندہ خصوصی) – بلوچستان کے صنعتی شہر حب میں زونگ کمپنی کی ناقص انٹرنیٹ سروس نے شہریوں کے لیے ایک بڑا درد سر بن کر رہ گئی ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ کمپنی 4 جی کے مکمل چارجز وصول کرنے کے باوجود انہیں معیار کی انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے میں ناکام ہے، جس کے نتیجے میں ان کے روزمرہ کے کام اور ضروریات زندگی پر منفی اثرات پڑ رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، حب شہر اور اس کے گردونواح میں زونگ کے 4 جی انٹرنیٹ کی رفتار 2 جی سے بھی سست ہوگئی ہے، جس سے بچوں کی آن لائن تعلیم اور کاروباری سرگرمیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بار بار شکایات کے باوجود کمپنی کی جانب سے کوئی عملی اقدامات نہیں کیے جا رہے۔ ایک طرف، کمپنی اپنے صارفین سے مہنگے پیکجز کے ذریعے بڑی رقم وصول کرتی ہے، لیکن دوسری طرف انٹرنیٹ سروس کی معیار میں مسلسل کمی دیکھی جا رہی ہے۔
زونگ نیٹ ورک کے صارفین نے اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ حب شہر میں زونگ کمپنی کی سروس اکثر سست اور ناکافی رہتی ہے، خصوصاً لوڈشیڈنگ کے دوران، جب کمپنی کے پاس متبادل جنریٹر یا سولر بیٹری سسٹم کا فقدان ہے، جس سے سروس میں مزید خلل آتا ہے۔ کال کرنے کی کوششوں کے دوران، کال بار بار ڈراپ ہو جاتی ہے اور آواز میں ٹوٹ پھوٹ آتی ہے، جس سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ زونگ کمپنی اپنے نیٹ ورک کی بہتری کے لیے کوئی سنجیدہ اقدامات نہیں کر رہی، اور مہنگے پیکجز اور اضافی ٹیکس کی صورت میں لوٹ مار کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ صارفین نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس مسئلے کا فوری نوٹس لیں اور حب شہر و گردونواح میں زونگ نیٹ ورک کی 4 جی سروس کی معیار کو بہتر بنائیں تاکہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
زونگ کمپنی کی جانب سے اس مسئلے کے حل کے لیے کوئی واضح ردعمل سامنے نہیں آیا ہے، جس سے صارفین میں مزید بے چینی پھیل رہی ہے۔
