پاکستانتازہ ترین

اے ڈی بی سے ملنے والی کروڑوں ڈالر امداد کہاں خرچ ہوئی؟اہم انکشاف

 

ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) سے ملنے والی 3 کروڑ ڈالر امداد کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ ترکیہ اور شام کی متاثرین کے لیے استعمال کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں آڈٹ حکام نے انکشاف کیا ہے کہ اے ڈی بی سے ملنے والی تین کروڑ ڈالر امداد سیلاب متاثرین کے لیے تھی لیکن وہ ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کے لیے استعمال کی گئی، اس امداد کا دیگر استعمال غیر قانونی تھا۔آڈٹ حکام کے مطابق این ڈی ایم اے ابھی تک ایشیائی ترقیاتی بینک کو رقم کے استعمال پر مطمئن نہیں کر سکی ہے۔

ملک عامر ڈوگر نے پوچھا کہ کیا این ڈی ایم اے اپنے قوانین کے تحت غیر ملکی امداد کو دیگر ممالک میں استعمال کر سکتا ہے؟ چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا کہ برادر ممالک کی امداد کے لیے اپنے اسٹاک کو استعمال کیا جاتا ہے، ہم نے جو اسٹاک استعمال کیا اس کو دوبارہ حاصل کر لیا گیا ہے۔

شازیہ مری نے کہا گرانٹ سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے دی گئی تھی، لیکن یہاں کی بجائے دیگر ممالک کے لیے استعمال ہوئی، ریاض فتیانہ نے کہا 2 سال گزر گئے ہیں اور ابھی تک ایشیائی ترقیاتی بینک سے کلیئرنس حاصل نہیں کی جا سکی، عمر ایوب نے کہا جب گرانٹ یا قرض کا استعمال درست نہیں کیا جاتا تو ڈونرز سے مزید امداد بھی نہیں ملتی۔

چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ حکومت نے سیلاب کے لیے امداد کو دیگر آفات کے لیے استعمال کی اجازت دی تھی، عمر ایوب نے کہا ایشیائی ترقیاتی بینک کی گرانٹ کے غلط استعمال پر سیکریٹری اقتصادی امور ڈویژن سے پوچھا جائے۔آڈٹ حکام نے کہا ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے 2023 میں رقم کے استعمال پر پوچھا تھا، بینک نے اپنی رپورٹ کے لیے رقم کے استعمال کی تفصیلات مانگی ہیں جو ابھی تک نہیں دی گئی۔

 

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button