بنوں کینٹ پر فتنہ الخوارج کا دہشت گردی کا حملہ ناکام

بنوں کینٹ میں دہشت گردوں نے داخل ہونے کی ناکام کوشش کی، تاہم سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی نے ان کے منصوبے کو ناکام بنا دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی بنوں کینٹ میں داخلے کی کوشش کو موثر انداز میں ناکام بناتے ہوئے، فوراً جواب دیا۔ اس دوران دہشت گردوں نے گھبراہٹ کے عالم میں دو بارود سے بھری ہوئی گاڑیاں بنوں کینٹ کی دیوار سے ٹکرا دیں، جس سے علاقے میں شدید دھماکے ہوئے۔
سیکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ فورسز کے سخت ردعمل کی وجہ سے چھ خوارج کو مختلف انٹری پوائنٹس پر مارا گیا، جبکہ باقی دہشت گردوں کو محصور کر لیا گیا ہے۔
دھماکوں کے نتیجے میں قریبی مسجد کو بھی نقصان پہنچا، اور ایک گھر کی چھت منہدم ہونے سے معصوم افراد کے زخمی ہونے اور شہادتوں کی اطلاعات ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، دہشت گردوں کی بارود سے بھری گاڑیوں کے دھماکے نے علاقے میں افراتفری کا ماحول پیدا کر دیا تھا۔
سیکیورٹی فورسز نے واضح کیا کہ جب تک تمام خارجیوں کا صفایا نہیں ہو جاتا، ان کا کلیرنس آپریشن جاری رہے گا، اور وہ علاقے کو مکمل طور پر دہشت گردوں سے پاک کرنے کے عزم پر قائم ہیں۔