گلگت بلتستان اسمبلی سے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے متفقہ قرارداد منظور

0

 

گلگت (مصعب خالق): گلگت بلتستان کے عوام نے ایک بار پھر کشمیریوں کے ساتھ اپنی بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ کشمیریوں کو کبھی بھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ گلگت بلتستان اسمبلی نے منگل کے روز یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ایک خصوصی اجلاس طلب کیا، جس میں وزیر قانون غلام محمد، وزیر تعلیم غلام شہزاد آغا، وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ثریا زمان، وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حاجی رحمت خالق، وزیر سوشل ویلفیئر ترقی نسواں، اور دیگر ارکان اسمبلی نے قرارداد پیش کی۔

وزیر قانون غلام محمد نے قرارداد کا متن پڑھتے ہوئے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں کشمیر پر جارحیت اور نا جائز قبضہ تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔ کشمیری عوام نے 1947 سے لے کر آج تک ہر دن ہندوستانی تسلط کو مسترد کیا ہے اور آزادی کی جدوجہد جاری رکھی ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر کو آزادی سے محروم رکھنے کی کوشش کر رہا ہے مگر کشمیری حریت پسند ظلم کے خلاف کھڑے ہیں اور 77 سال سے جاری بھارتی قبضے کے خاتمے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

غلام محمد نے کہا کہ "کشمیر ہماری شہ رگ ہے اور کوئی بھی قوم اپنی شہ رگ کو کٹتے ہوئے نہیں دیکھ سکتی، لہذا ہم مقبوضہ کشمیر سے بھارت کے ناجائز تسلط کے خاتمے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کا یہ ایوان بھارت اور عالمی برادری کو بتانا چاہتا ہے کہ پاکستانی قوم اور بالخصوص گلگت بلتستان کے عوام کشمیریوں کو کبھی بھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ بھارتی قابض حکومت اور فوج کی طرف سے کشمیریوں کے قتل عام، خواتین کی عصمت دری، جبری گمشدگیاں اور دیگر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو عالمی فورمز پر اٹھایا جائے گا۔

قرارداد میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ قراردادوں کے تحت مقبوضہ کشمیر میں فوری آزادانہ، منصفانہ استصواب رائے کا انعقاد کیا جائے تاکہ کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا موقع ملے۔ اس کے ساتھ یہ بھی کہا گیا کہ جب تک استصواب رائے کا انعقاد نہیں ہوتا، حکومت پاکستان مقبوضہ جموں کشمیر کی آزادی تک حریت پسندوں کو ہر محاذ پر اخلاقی، سیاسی اور سفارتی مدد فراہم کرے۔

یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ہونے والی بحث میں رکن اسمبلی امجد ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہم کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور ان کے حق میں آواز اٹھاتے رہیں گے۔ رکن اسمبلی کرنل ریٹائرڈ عبید اللہ بیگ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے کشمیر کو جیل بنا دیا ہے اور ہم کشمیری عوام کی آزادی کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔

اس موقع پر وزیر تعلیم غلام شہزاد آغا نے کہا کہ "کشمیری عوام کی حمایت کرنا ہماری ذمہ داری ہے اور ہم گلگت بلتستان اسمبلی اور عوام کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منائیں گے۔”

اس قرارداد کے ذریعے گلگت بلتستان نے ایک مرتبہ پھر کشمیر کی آزادی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور کشمیری عوام کے ساتھ اپنے مکمل تعاون کا اعلان کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.