کراچی کی سڑکوں پر ہیوی ٹریفک کا خونی کھیل جاری ہے ایک گھنٹے میں بچی سمیت دو افراد کو کچل کر موت کی نیند سلا دیا گیا۔
کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر ہے لیکن یہاں کے شہری کی جان سب سے زیادہ سستی ہے۔ شہر قائد کے حوالے سے مشہور ہوتا جا رہا ہے کہ جو شہری چوروں، ڈاکوؤں کی گولیوں سے بچ جاتے ہیں، انہیں ٹرالر، ڈمپر یا ٹرک کچل ڈالتے ہیں۔
شہر قائد کے لیے جمعرات کا سورج خونیں صبح لے کر طلوع ہوا۔ اورنگی ٹاؤن پانچ نمبر کے علاقے میں تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل سوار کو ٹکر مار دی۔ اس حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جب کہ دوسرا زخمی ہوگیا۔
پولیس اور ریسکیو ادارے جائے حادثہ پر پہنچ گئے جب کہ ٹرک ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق نوجوان کی شناخت محمد حمزہ سے ہوئی جب کہ ارسلان نامی شخص زخمی ہوا ہے۔