
پری وینشن آف الیکٹرانک کرائمز (پیکا) ایکٹ کے تحت تشکیل کردہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے سوشل میڈیا پر بدنیتی پرمبنی مہم چلانے کے الزام میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سوشل میڈیا انچارج اظہر مشوانی سمیت دیگر ملزمان کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے کل طلب کر لیا۔
جن ملزمان کو نوٹسز جاری کیے گئے ان میں صبغت اللہ وِرک، محمد ارشد، عطاالرحمٰن، اظہر مشوانی اور دیگر شامل ہیں۔
ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے سوشل میڈیا کو استعمال کرتے ہوئے بدنیتی پر مبنی مہم کے ذریعے ملک میں انتشار اور افراتفری پیدا کرنے کی کوشش کی، جے آئی ٹی ملزمان اور ان کے ساتھیوں کے پسِ پردہ مقاصد کے تعین کے لیے تحقیقات کر رہی ہے، مزید ملزمان کی شناخت اور ان کے خلاف قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے سوشل میڈیا پر جرائم کی روک تھام کے لیے پیکا ایکٹ 2016 کے سیکشن 30 کے تحت انسپکٹر جنرل پولیس ( آئی جی) اسلام آباد پولیس کی سربراہی میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے رکھی ہے۔