
صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر بنوں میں اقبال شہید پولیس لائنز پر خود کش جیکٹوں سے لیس برقع پوش دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے 4 پولیس اہلکار شہید ہو گئے جبکہ کارروائی میں 5 عسکریت پسند بھی مارے گئے۔
ایک پولیس افسر نے بتایا کہ بکا خیل میں دن کے اوائل میں فائرنگ کے حملے میں شہید ہیڈ کانسٹیبل شائستہ خان کی نماز جنازہ کے فوراً بعد اقبال شہید پولیس لائنز پر پانچ دہشت گردوں نے حملہ کیا۔
پولیس افسران اور مقامی عمائدین نے شہید پولیس اہلکار کی آخری رسومات میں شرکت کی۔
افسر نے مزید بتایا کہ نماز جنازہ ختم ہونے کے تقریباً دو گھنٹے بعد جدید ترین ہتھیاروں، راکٹ لانچروں اور دستی بموں سے لیس پانچ دہشت گردوں نے پولیس لائنز پر حملہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ روایتی برقع اور خودکش جیکٹ پہنے حملہ آور لوڈر رکشے اور موٹر سائیکل میں پولیس لائنز پہنچے اور مرکزی دروازے پر کھڑے اہلکاروں پر فائرنگ کی۔
پولیس نے حملے کا موثر انداز میں جواب دیا اور دہشت گردوں کو ایک گیسٹ ہاؤس میں محصور کر دیا گیا۔