بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم مستحقین کو آن لائن ٹرانسفر کرنے کی سہولت فراہم کی جائے،وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان
گلگت بلتستان( نیوز ڈیسک)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام غریب اور مستحق افراد کی مالی مدد کے حوالے سے انتہائی مفید ثابت ہوا ہے۔
گلگت بلتستان میں تقریباً 92ہزار مستحقین بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے استفادہ حاصل کررہے ہیں جن کی اکثریت دور دراز اور پہاڑی علاقوں میں رہائش پذیر ہیں، جہاں پر ہر وقت انٹرنیٹ کا مسئلہ درپیش رہتا ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم مستحقین کے اکاؤنٹ میں آن لائن ٹرانسفر کرنے کی سہولت فراہم کی جائے۔
وزیر اعلیٰ نے کہاکہ گلگت بلتستان میں پرائیویٹ سیکٹر نہ ہونے کی وجہ سے مستحق افراد کی شرح زیادہ ہے۔ لہٰذا گلگت بلتستان کو ملک کے دیگر صوبوں سے ترجیحی بنیادو ں پر دیکھنے کی ضرورت ہے۔ اس حوالے سے گلگت بلتستان کیلئے پی ایم ٹی کی شرح 32فیصد سے زیادہ کی جائے۔
گلگت بلتستان میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے سٹاف کی کمی کی وجہ سے بھی مستحقین کو مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے گلگت بلتستان کیلئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے سٹاف کی آسامیاں بڑھائی جائیں اور جلد سٹاف کی بھرتیاں عمل میں لائی جائے اور موجودہ سٹاف کی ترقی بھی یقینی بنائی جائے۔