واپڈا کیڈٹ کالج تربیلامیں داخلے کا اعلان
تربیلا (نیوزڈیسک)واپڈا کیڈٹ کالج تربیلا نے کلاس ہشتم میں داخلے کا اعلان کردیا۔ ترجمان دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کےمطابق واپڈا کیڈٹ کالج تربیلا میں کلاس ہشتم میں داخلے کےلیے دیامرکے10 طلبا کےلیے نشستیں مختص ہیں۔
واپڈا کیڈٹ کالج تربیلا میں ایڈمیشن فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 21 ستمبر2024 ہے۔دیامر سے تعلق رکھنے والے 12 سے14 سال کے طلبا جو کلاس ہفتم پاس کرچکے ہوں یا پڑھتے ہوں ایڈمیشن فارم جمع کراسکتےہیں۔ ایڈمیشن فارم اور بینک چالان کالج کے ویب سائٹ www.wcct.edu.pk یا دفتر(اسٹسنٹ ڈائریکٹر ،پی آر) واپڈا پراجیکٹ آفس چلاس سے دفتری اوقات میں حاصل کرسکتے ہیں۔

ایڈمیشن کےلیے تحریری ٹیسٹ 12 اکتوبر کو گلگت میں ہوگا۔ میرٹ پر آنے اور ٹیسٹ پاس کرنے والے اہل 10 طلبا کو کلاس ہشتم میں ایڈمیشن دیاجا ئےگا۔ کیڈٹ کالج میں کلاسز کا اجرا اپریل 2025 سے ہوگا۔
واضح رہے کہ چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) کی خصوصی ہدایت پرواپڈا کیڈٹ کالج تربیلامیں دیامر کے طلبا کے لیے10 نشستیں مختص کی گئیں ہیں۔ واپڈا نے پراجیکٹ ایریا خصوصا دیامر میں اعتماد سازی کے تحت تعلیم کے فروغ کےلیے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں۔
ان میں چلاس میں کیڈٹ کالج کا قیام، تھور میں آرمی پبلک اسکول، سیکنڈری اور ہائر سکینڈری کے طلبا کےلیے کیپس ٹیویشن سینٹرز، داریل اور تانگیر میں سرکاری ہائی اسکولوں کی اپ گریڈیشن شامل ہیں۔ پراجیکٹ ایریا میں تعلیم کے فروغ کےلیے اعتماد سازی کےتحت دیگر متعدد منصوبوں پر بھی پیشرفت جاری ہے۔