ٹیلی کام کمپنیوں اور لائسنس کے درخواست گزاروں کی بائیومیٹرک تصدیق کا معاہدہ
اسلام آباد(نیوزڈیسک)ٹیلی کام خدمات فراہم کرنے والے اداروں کی شناختی تصدیق کی کارروائی کو آسان بنانے کے لئے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور نادرا ٹیکنالوجیز لمیٹڈ (این ٹی ایل) نے ایک معاہدہ کیا ہے جو ملک میں ٹیلی کام خدمات فراہم کرنے کے خواہشمند اداروں کی کاروباری سرگرمیوں کو آسان بنانےکی جانب اہم اقدام ثابت ہو گا۔ معاہدے پر آج پی ٹی اے ہیڈکوارٹرز، اسلام آباد میں دستخط کئے گئے۔
چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان، اور چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ تقریب میں پی ٹی اے کے ممبر فنانس جناب محمد نوید اور ممبر کمپلائنس اینڈ انفورسمنٹ ڈاکٹر خاور صدیق کھوکھر کے علاوہ پی ٹی اے اور نادرا کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔
چیئرمین پی ٹی اے نے اپنے استقبالیہ کلمات میں اس اشتراک کو لائسنسوں کے اجراء کی کارروائی کو تیز اور شفاف بنانے کی جانب ایک مثبت اقدام قرار دیا جس کی بدولت ٹیلی کام خدمات کی فراہمی کے لئے لائسنس کے درخواست گزار شناختی تصدیق کی کارروائی باسہولت طریقے سے مکمل کر سکیں گے۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے چیئرمین نادرا نے کہا کہ بائیومیٹرک تصدیق کے لئے نادرا ای سہولت کے ملک گیر نیٹ ورک کو استعمال کیا جائے گا اور ٹیلی کام خدمات فراہم کرنے والے اداروں کے عہدیداروں اور عملے کے ارکان کی بائیومیٹرک تصدیق کی جائے گی۔
معاہدے کے تحت طے کئے گئے طریقہ کار کی روشنی میں پی ٹی اے لائسنس کےلئے درخواست جمع کرانے والی ہر کمپنی کا ایک پروفائل بنائے گا جس کا ٹریکنگ آئی ڈی متعلقہ کمپنی کو فراہم کر دیا جائے گا۔ کمپنی کے متعلقہ افراد اس ٹریکنگ آئی ڈی کے ہمراہ قریبی ای سہولت مرکز پر جا کر بائیومیٹرک تصدیق کرا سکیں گے جس کا نتیجہ آن لائن محفوظ طریقے سے پی ٹی اے کو موصول ہو جائے گا۔
پی ٹی اے اور این ٹی ایل کے درمیان اس اشتراک کی بدولت ملک میں ٹیلی کام خدمات کی فراہمی کے لئے لائسنسوں کے اجراء کی کارروائی کو تیز اور آسان بنانے میں مدد ملے گی۔