مانسہرہ(نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ پرویز خٹک کو عمران خان کیخلاف وعدہ معاف گواہ بننے کیلیے بلایا جارہا ہے اگر اُس نے گواہی دی تو خیبرپختونخوا میں رہنے نہیں دیں گے۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ اعلان کرتا ہوں کہ باجوہ غدار ہے اور جو بھی باجوہ بنے گا ہم اس کو غدار کہیں گے، اگر پرویز خٹک عمران خان کے خلاف گواہ بننا یا کوئی بیان دیا تو اُس کا صوبے میں رہنا دوبر کردیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ سیاسی جنگ ہے ادارے ہمارے اور ہمارے مینڈیٹ چوروں کے بیچ نہ آئیں، عمران خان ملک و قوم کی خاطر پر امن ہے جس دن اس نے آواز دی تو ہم بھر بھر پور انداز میں نکلیں گے، آئین توڑنے کی سزا موت ہے اور ہم آئین توڑنے والوں کو آئین کے مطابق سزا دیں گے۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ عدلیہ سے اپیل ہے کہ ہمیں انصاف دیا جائے، چیف جسٹس اگر ہمیں انصاف نہیں دے سکتا تو ہمارے کیسز سے خود کو الگ کرلے، یہ ملک ہمارے آباؤ اجداد نے حاصل کی یہ ہم سب کا ملک ہے، ہماری پارٹی کے ساتھ جو ظلم و بربریت ہورہی ہے اس کی دنیا میں مثال نہیں ملتی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہمارے ساتھ ظلم اس لیے ہورہا ہے کہ عمران خان نے غلامی قبول نہیں کی بلکہ ملکی خودمختاری اور اسلام کی سربلندی پر ڈٹ گیا، ہم غلام نہیں رہنا چاہتے ہمیں آزادی چاہیے اور اگر نہ دی گئی تو چھین کر لے لیں گے اور عمران خان کی بے گناہ قید کے ایک ایک دن کا حساب بھی لیں گے۔
علی امین گنڈا پور نے اعلان کیا کہ قسم کھاتا ہوں کہ عمران خان کی رہائی کی اس تحریک میں پہلی گولی میں کھاوں گا۔، ہمارے بزرگوں نے انگریزوں سے آزادی حاصل کی ہم ان لٹیروں سے آزادی حاصل کریں گے، مریم نواز نے پنجاب میں لوگوں پر ظلم و ستم کا سلسلہ بند نہ کیا تو کے پی پنجاب جاکر لوگوں کا ساتھ دے گا۔

