حکومت آئی ایم ایف کے اگلے پروگرام کے لیے پیش رفت کر رہی ہے: وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب
اسلام آباد(نیوزڈیسک)فاقی وزیر برائے خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت آئی ایم ایف کے اگلے پروگرام کے لیے پیش رفت کر رہی ہے، سعودی عرب، یو اے ای اور قطر سے سرمایہ کاری میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔
وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی کو 13 فیصد تک بڑھانے کے لیے حکومت پر عزم ہے، بجٹ سے متعلق مثبت تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہیں، معزز سینیٹرز نے بھی اہم تجاویز پیش کیں، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی فنانس کا بھی شکر گزار ہوں، وفاقی حکومت نے کئی تجاویز پر عمل کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کا عمل تیز کر دیا ہے، پی آئی اے کی نجکاری کے عمل کو تیزی سے آگے بڑھایا گیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ حکومت ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنا چاہتی ہے، حکومت نے بجٹ کے نکات پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے، حکومت نے صحت، زراعت اور دیگر شعبوں میں ہر ممکن حد تک ریلیف دیا۔
محمد اورنگزیب کا ایف بی آر سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایف بی آر نے مشکل حالات میں ٹیکس آمدن میں تیس فیصد اضافہ کیا، ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو تیز کیا جا رہا ہے، بجٹ میں ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن اور اصلاحات کے لیے 7 ارب مختص کیے۔
انہوں نے کہا کہ خیراتی اسپتال کو سیلز ٹیکس سے استثنیٰ پر غور کر رہے ہیں۔
وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نہ وضاحت دیتے ہوئے مزید کہا کہ اسٹیشنری پر ٹیکس استثنیٰ بر قرار رکھا گیا ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پینشن اصلاحات کے ذریعے بچت کی جائے گی، جو دکاندار تاجر دوست اسکیم کا حصہ نہیں بنتے ان کے خلاف کارروائی ہو گی۔
محمد اورنگزیب نے مزید کہا ہے کہ ہمیں مسلح افواج کی کارکردگی پر فخر ہے، حکومت مسلح افواج کو ضروری وسائل فراہم کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سی پیک فیز ٹو کے لیے اقدامات کر رہی ہے، حکومت چینی ماہرین کو سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے۔