اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال نے کہا ہے کہ لوگوں کی بنیادی ضروریات کا خیال رکھنا ریاست کی ذمہ داری ہے، موجودہ حالات میں تکنیکی اور فنی تعلیم ہی خود مختاری کی جانب پہلا قدم ہے۔

آبادی اور وسائل سے متعلق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمرعطا بندیال نے کہا کہ آئین میں بنیادی حقوق کا مقصد عوام کوخوش رکھنا ہے، فرد کی خوشی خاندان کی خوشی میں مضمرہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ ماں اور بچے کی صحت اور بنیادی ضرورتوں کا خیال رکھنا ریاست کی ذمہ داری ہے، آبادی میں بے ہنگم اضافے پر قابو پانے کے لیے جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے، اس حوالے سے اقوام متحدہ سمیت مختلف ادارے حکومت کو معاونت فراہم کر رہے ہیں۔
