اسلام آباد(نیوزڈیسک)کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) پرکمپٹیشن مخالف طرزِ عمل پر عائد کیا گیا 50 لاکھ روپے جرمانہ وصول کر لیا ہے۔
متروکہ وقف املاک بورڈ نے سی سی پی کے پاس ایک شکایت درج کروائی، جس میں یہ الزام لگایا گیا کہ اے پی این ایس کی طرف سے وضع کردہ ریگولیشنز اور سرکلر کمپٹیشن ایکٹ 2010 کے سیکشن 4 کی خلاف ورزی ہیں۔ سی سی پی انکوائری سے بھی یہ ظاہر ہوا کہاے پی این ایس نے بعض تجارتی پابندیاں عائد کی ہو ئی تھیں اور اے پی این ایس کے نافذ کردہ کچھ قواعد، ریگولیشنز اور سرکلر ایکٹ کے خلاف تھے۔


اس سلسلے میں 6 جون 2018 کو، سی سی پی نے ایک آرڈر پاس کیا اور کہا کہ اے پی این ایس نے غیر مُنصفانہ تجارتی شرائط عائد کر کے اور اپنے سرکلرز، قواعداور ریگولیشنزکے ذریعے دیگر تجارتی جماعتوں کے ساتھ مساوی ٹرانزیکشن پر غیر منصفانہ تجارتی شرائط کا اطلاق کرکے کمپٹیشن مخالف طرزِ عمل کا مظاہرہ کیا ۔ سی سی پی نے اے پی این ایس کے تعاون اور تعمیل پر مبنی نقطہ نظر کو دیکھتے ہوئے صرف ایک کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کیا۔
سی سی پی آرڈر نے ایسے تمام سرکلرز، قواعد و ریگولیشنز کو بھی کالعدم قرار دے دیا اور اے پی این ایس کو ہدایت کی کہ وہ نئے سرکلر بنائیں اور کمپٹیشن ایکٹ کے سیکشن 5 کے تحت سی سی پی سے استثنیٰ حاصل کریں۔ مزید برآں، آرڈر میں کہا گیا کہ تعمیل کرنے میں ناکامی کے نتیجے میں ڈھائی کروڑ کا اضافی جرمانہ اور ایک لاکھ یومیہ جرمانہ عائد ہوگا۔
اے پی این ایس نے سی سی پی کے آرڈر کے خلاف کمپٹیشن ایپلیٹ ٹریبونل (سی اے ٹی) میں اپیل دائر کی۔ تفصیلی سماعت کے بعد، ٹربیونل نے جزوی طور پر اپیل منظور کرتے ہوئے جرمانے کی رقم 50 لاکھ روپے کر دی۔ ٹریبونل نے اے پی این ایس کو مزید ہدایت کی کہ وہ اپنے ترمیم شدہ سرکلر، قواعد اورریگولیشنز ایک ماہ کے اندر سی سی پی کو جمع کرائیں۔ ٹربیونل نے یہ بھی کہا کہاگر سی سی پی 60 دنوں کے اندر ترمیم شدہ قواعد و ضوابط کی توثیق کرتا ہے تو ڈھائی کروڑ کا اضافی جرمانہ اور یومیہ جرمانہ لاگو نہیں ہوگا ۔