پنجاب،دولاکھ کلو مضر صحت گوشت چھ لاکھ لیٹر ناقص دودھ پکڑا گیا
لاہور(نمائندہ خصوصی)پنجاب حکومت نے فوڈ سیفٹی مہم میں اضافہ کر دیا ابتدائی سو دن میں فوڈ سیفٹی چیکنگ میں اسی فیصد اضافہ مختلف کاروائیوں میں دولاکھ کلو مضر صحت گوشت چھ لاکھ لیٹر ناقص دودھ پکڑا گیا.
ورلڈ فوڈ سیفٹی ڈے کے حوالے سے الحمراء ہال میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کے زہر اہتمام تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
اس موقع پرصوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے خوراک کے تحفظ کو یقینی بنانے کے حوالے سے حکومتی اقدامات بارے بریف کیا۔تقریب میں سینئر صحافی مجیب الرحمن شامی، سیکرٹری داخلہ نور الامین مینگل، ڈی جی سول سروسز اکیڈمی، ڈی جی فوڈ اتھارٹی اور شرکاء کی کثیر تعداد موجود تھی۔
صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین کا کہنا تھا کہ فوڈ سیفٹی کا تصور اسلام کے معاشی و معاشرتی اصولوں کے عین مطابق ہے۔ زندگی کے ہر میدان میں صلاحیتوں کو منوانے کیلئے ذہنی و جسمانی تندرست ہونا ضروری ہے۔صحت بخش خوراک ہی توانا اور صحت مند قوم بناتی ہے۔ خوراک کا معیار جتنا خالص ہوگا، عوام کی صحت اتنی بہتر ہوگی۔ موجودہ حکومت کے ابتدائی 100 روز میں فوڈ سیفٹی ٹیموں کی چیکنگ میں 80 فیصد اضافہ ہوا ہے۔صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ فوڈ سیفٹی کو روزمرہ زندگی میں یقینی بنانے کیلئے تمام شعبہ جات کو آگاہی مہم میں شامل کر رہے ہیں۔فوڈ اتھارٹی کا قیام بھی ہماری حکومت میں ہوا، اس ادارے کو مزید تقویت دینے کیلئے ہر ممکن وسائل فراہم کر رہے ہیں۔
غذائیت سے محروم خوراک انسانی جسم میں بیماریوں کو جنم دیتی ہے۔وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کی روشنی میں نیوٹریشن سیکشن پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔صوبائی وزیر خوراک نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خواتین اور بچیوں کی بہتر صحت اور غذائی ترجیحات پر مزید کام کیا جارہا ہے۔جلد انشاءاللہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے پلیٹ فارم سے اس بارے مزید قانون سازی کی جائے گی۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیمیں رواں سال بھی 2 لاکھ کلوگرام کے قریب مضر صحت گوشت اور6 لاکھ لیٹر سے زائد ناقص دودھ تلف کر چکی ہیں۔
صوبائی وزیر خوراک نے واضح کیا کہ اب عوام کو ناقص خوراک کھلانے والے مافیا کی جگہ جیل ہے۔ قوموں کی زندگیاں ایمانداری، دیانت اور کوالٹی کو یقینی بنانے سے بہتر ہوتی ہیں ہمیں اپنی خوراک کے معیار کو ہر زاویے سے ملاوٹ سے پاک اور صحت بخش بنانا ہے۔