پی ٹی اے کا ڈی جی خان میں سموں کے غیر قانونی اجراء پر چھاپہ ،استعمال ہونیوالا سامان ضبط
اسلام آباد (نیوزڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) زونل آفس لاہور نے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) سائبر کرائم سرکل کے ساتھ مل کر ڈی جی خان میں جام پور روڈ پر واقع ٹیلی نار کی فرنچائز پر کامیاب چھاپہ مارا۔
یہ فرنچائز سموں کے غیر قانونی اجراء میں ملوث پائی گئی۔ چھاپے کے دوران 17 بی وی ایس ڈیوائسز، 1 لیپ ٹاپ، 360 فعال سمیں اور لیپ ٹاپ سے انگلیوں/ انگوٹھے کے نشانات کی 1000 اسکین شدہ سافٹ امیجز بطور ثبوت قبضے میں لے گئیں۔ ایف آئی اے کی جانب سے دو افراد کو حراست میں لے لیا گیا. تاہم معاملے کی مزید تفتیش ابھی جاری ہے۔
قبل ازیں پی ٹی اے نے سیلز چینل کی جانب سے سموں کے غیر قانونی اجراء سے متعلق معلومات کی بنیاد پر ایف آئی اے کو شکایات درج کرائی تھیں۔ یہ چھاپے سموں کے غیر قانونی اجراء کی روک تھام پر مبنی پی ٹی اے کی مسلسل کاوشوں کا نتیجہ ہیں۔