مون سون بارشوں سے قبل تمام محکمے اپنی تیاریاں فوری مکمل کریں،اے ڈی سی آر ساہیوال
ساہیوال ( نمائندہ خصوصی ) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اعتزاز اسلم مارتھ نے کہا ہے کہ مون سون بارشوں میں کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام محکمے اپنی اپنی تیاریاں فوری مکمل کریں، نکاسی آب کے لئے تمام مشینری کو فنگشنل کریں اور سیوریج لائنوں اور نالوں کی صفائی کو ہر صورت یقینی بنائیں، عیدالاضحی کے موقع پر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھا جائے، بیوپاری سڑک اور نہر کناروں پر جانوروں کو ہرگز فروخت نہ کریں، تمام محکمے اپنے افسران اور اہلکاران کی ڈیوٹی روسٹر جاری کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں عیدالاضحی اور پری مون سون کے انتظامات کی تیاریوں کے حوالے سے منعقد اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا -ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید منیر بخاری ،اسسٹنٹ کمشنر ساہیوال عظمان چوہدری ،پولیس ،لائیوسٹاک ،کیٹل مارکیٹ کمیٹی،ریسکیو 1122 اور میونسپل کارپوریشن سمیت دیگر افسران نے اجلاس میں شرکت کی -ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اعتزاز اسلم مارتھ نے کہا کہ جانوروں کی منڈی میں انٹری کے لئے بڑے جانور500روپے جبکہ چھوٹے جانور کے لئے 100فیس مقرر کی گئی، اس حوالے سے اوور چارکنگ کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور اگر کسی قسم کی شکایت موصول ہوئی تو سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے میونسپل کارپوریشن اور ضلع کونسل کو ہدایات جاری کی کہ وہ عیدالاضحی کے موقع پر آلائشوں کو اٹھانے کے لئے اہلکاران کی ڈیوٹی روسٹر جاری کریں۔ عیدالاضحی کے موقع پر بروقت آلائشوں کو اٹھایا جائے تاکہ عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے تمام محکموں کو ہدایات دیں کہ وہ اپنی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سر انجام دیں ،لائیوسٹاک کے اہلکاران منڈیوں کے انٹری گیٹ پر کیمپ لائیں اور جانوروں پر حفاظتی سپرے کریں۔