ساہیوال،میونسپل کارپوریشن نے مئی کے مہینے میں ریکارڈ ریونیو کی ریکوری کر لی
ساہیوال (نمائندہ خصوصی )کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی ذاتی دلچسپی سے میونسپل کارپوریشن نے مئی کے مہینے میں ریکارڈ ریونیو ریکوری کی،اس ماہ کے دوران کنورژن فیس کی مد میں ایک کروڑ87لاکھ روپے جبکہ بلڈنگ فیس کی مد میں 89لاکھ50ہزار روپے وصول کئے گئے،اس طرح موجودہ مالی سال کے پہلے 11ماہ میں بالترتیب 13کروڑ17لاکھ روپے اور 78لاکھ80ہزار روپے ریکارڈ ریکوری ہوئی.
یہ بات چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد نے کمشنر آفس میں ہونے والے میونسپل کارپوریشن اور پسپ پروگرام کے جائزہ اجلاس میں بتائی جس کی صدارت کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کو آرڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ اور میونسپل کارپوریشن کے افسران کے علاوہ متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ میونسپل کارپوریشن شہر کے دونوں بس سٹینڈز سے بھی اڈا فیس وصول کر رہی ہے اور مئی کے دوران بیرون لاری اڈے سے ریکارڈ 13لاکھ سے زائد وصول کئے گئے ہیں جبکہ پچھلے سال اسی ماہ کے دوران وصولی صرف2لاکھ98ہزار روپے تھی، اسی طرح اندورن بس سٹینڈ سے4لاکھ 94 ہزار روپے وصول کئے گئے جبکہ مئی 2023میں ایک لاکھ29ہزار روپے آمدنی ہوئی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے میونسپل کارپوریشن کی ریکارڈ ریکوری پر متعلقہ برانچز کے افسران اور اہلکاران کی کاوشوں کو سراہا اور کنورژن فیس کے بغیر کمرشل مقاصد کے لئے استعمال ہونے والی عمارتوں کے خلاف قانونی کاروائی جاری رکھنے کی ہدایت کی
ساہیوال (نمائندہ خصوصی )عوام کو اشیاءصرف خصوصا سبزیوں اور پھلوں کی مقررہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے کے لئے ضلع بھر میں سپیشل پرائس مجسٹریٹس متحرک ہیں جنہوں نے مئی کے مہینے میں ریکارڈ 54623 انسپکشنز کیں جس دوران 1181دوکانداروں کو مختلف خلاف ورزیوں پر 34لاکھ68ہزار5سو روپے جرمانہ عائد کیا گیا اور 47مقدمات درج کر کے 279افراد کو گرفتار بھی کرایا گیا۔ ڈپٹی کمشنر صائمہ علی ان پرائس مجسٹریٹس کی کارکردگی کی براہ راست مانیٹرنگ کر رہی ہیں جنہوں نے ہفتہ وار جائزہ اجلاس منعقد کئے جس میں تمام مجسٹریٹس کی کارکردگی کا فردا فردا جائزہ لیا گیا-ان کی ہدایت پر روٹی اور نان کے نرخوں پر عملدرآمد پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے اور اب ضلع بھر میں روٹی مقررہ نرخوں پر دستیاب ہے جبکہ خلاف ورزی کی شکایت پر فوری کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر صائمہ علی نے تمام پرائس مجسٹریٹس کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ روزانہ پرائس چیکنگ کریں اور شہروں کے ساتھ ساتھ مضافاتی قصبوں اور آبادیوں پر بھی توجہ دیں۔