اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وزارت بین الصوبائی رابطہ،وزیراعظم کے عزم برائے بحالی سپورٹس اور وفاقی وزیر احسن اقبال چودھری کے سپورٹس وژن کے تحت 17 مئی 2024 کو ایک قومی سپورٹس کانفرنس کا انعقاد کرنے جا رہی ہے اس بات کا فیصلہ بین الصوبائی رابطہ کے وزیر احسن اقبال اور وفاقی سیکرٹری، ندیم ارشاد کیانی کے مابین ایک اہم ملاقات میں کیا گیا۔ کانفرنس کا بنیادی مقصد ملک میں سپورٹس کی زبوں حالی کے اسباب ان کا سدباب اور کھیلوں کی بحالی کے لئے سفارشات تیار کرنا ہے ۔ کانفرنس میں پورے ملک سے پروفیشنلز، ٹیکنیکل ایکسپرٹس، ایتھلیٹس، صوبائی سپورٹس بورڈز کے نمائندے، سپورٹس فیڈریشن کے صدور اور دیگر اسٹیک ہولڈرز شرکت کر رہے ہیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ، احسن اقبال نے کہا کہ کانفرنس کا مقصد کھیلوں سے وابستہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو اکٹھا کرنا ہے تاکہ ہمارے کھیلوں کے احیا میں درپیش چیلنجز اور مشکلات پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔ مشترکہ کاوش اور بہترین حکمت عملی کے ذریعے، ہم ایک ایسا تعمیری ماحول بنانا چاہتے ہیں جہاں ہم اپنے ایتھلیٹس کو بین الاقوامی مقابلوں کے لیے تیار کر سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کھیل ہماری زندگی کا ایک اہم حصہ ہیں جو ہمیں ذہنی و جسمانی طور پر چاق وچوبند رکھتے ہیں ملک میں کھیلوں کی بحالی اور ترقی کے لیے وزیر اعظم پرعزم ہیں اس ضمن میں وزیر اعظم نے ہمیں خصوصی ہدایت کی ہے کہ سال 2025 کو کھیلوں کا سال قرار دیا جائے۔
وفاقی وزیر نے کہا ہمارا مقصد واضح ہے کہ اپنے ایتھلیٹس کو اولمپک تمغوں کے معیار تک پہنچانا اور دیگر بین الاقوامی مقابلوں میں اپنی کارکردگی کو بڑھانا،” انہوں نے کہا وفاقی حکومت، وزیر اعظم کی سربراہی میں ملک بھر میں کھیلوں کی ترقی اور بہتری کے لیے ایسے اقدامات کر رہی ہے جن کے مثبت اثرات آنا شروع ہوگئے ہیں ۔ اس کانفرنس کا انعقاد انہی اقدامات کا تسلسل ہے۔
پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم کی حالیہ کارکردگی کا حوالہ دیتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم کی خصوصی توجہ، کھلاڑیوں کی میرٹ کے مطابق سلیکشن اور وزارت ہذا کے اصلاحی اقدامات کی بدولت پاکستان ہاکی ٹیم گمنامی سے نکل کر وکٹری سٹینڈ پر پہنچ گئی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں معاشی استحکام کے بعد معاشی نمو کا مرحلہ شروع ہو چکا ہے
ملک میں کھیلوں کے انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کریں گے تاکہ کھیلوں کا موثر احیا ہو سکے۔