اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)ایف آئی اے این سی بی انٹرپول پاکستان کی 6 ماہ کی کارکردگی کی رپورٹ جاری کردی گئی۔
ایف آئی اے نیشنل سینٹرل بیورو( این سی بی) انٹرپول پاکستان نے بین الاقوامی جرائم سے نمٹنے میں اہم سنگ میل حاصل کیے ہیں۔
گزشتہ چھ ماہ کے دوران مختلف ممالک سے قتل، اقدام قتل، ڈکیتی، اغوا اور بدعنوانی سمیت سنگین جرائم میں مطلوب 66 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
ایف آئی اے این سی بی انٹرپول نے ان ملزمان کی گرفتاری کے لیے ریڈ نوٹس جاری کیے تھے۔
گرفتار افراد میں 50 قتل کے مقدمات، 5 فراڈ اور جعلسازی میں، 4 ڈکیتی اور 3 اقدام قتل کے مقدمات میں مطلوب تھے۔
گرفتار ملزمان ایف آئی اے، نیب، پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر پولیس سمیت مختلف قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔
ملزمان کو متحدہ عرب امارات (35)، سعودی عرب (18)، عمان (5)، کویت (2)، اٹلی (2) اور دیگر ممالک سے گرفتار کیا گیا۔
اسپین، ترکی، بحرین اور آذربائیجان میں گرفتار ملزمان کو بھی کامیابی سے حوالے کر دیا گیا۔
گرفتار ملزمان کو متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر نے این سی بی انٹرپول پاکستان کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔
ڈی جی ایف آئی اے نے کہاکہ جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ این سی بی انٹرپول پاکستان دنیا بھر کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور بغیر کسی رکاوٹ کے تعاون کو یقینی بناتا ہے۔
ڈی جی ایف آئی اے نے سنگین جرائم میں مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں تیز کرنے پر زور دیا۔
ڈی جی ایف آئی اے نے بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مضبوط روابط قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی جرائم سے نمٹنے کے لیے انٹرپول افسران کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے ان کی تربیت کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔