کوئٹہ( نمائندہ خصوصی)چیئرمین بلوچستان انٹرنیشنل تھنک ٹینک اور صدر فرینڈز آف یونیورس سوسائٹی پاکستان اویس جدون نے اپنے ایک بیان میں پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کے خلاف گوالمنڈی تھانہ میں ایف آئی آر کے اندراج اور وارنٹ گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بوکھلاہٹ کا شکار حکومت قومی رہنماؤں کے خلاف ایف آئی آر کا اندراخ قابل مذمت ہے ۔
چیئرمین بلوچستان انٹرنیشنل تھنک ٹینک اویس جدون نے کہا کہ محمود خان اچکزئی کا ملک کے اندر آئین و قانون کی بالادستی جمہوریت کی بحالی کے لئے ایک واضح اور اصولی موقف ہے جس کی وجہ سے بوکھلاہٹ کا شکار حکومت قومی رہنماؤں کو بذریعہ طاقت دبانا چاہتے ہیں۔
اویس جدون نے کہا کہ بلوچستان کے قومی رہنماؤں کے لئے جیل زندان ایف آئی آر کا اندراج کوئی نئی بات نہیں اس سے قبل بھی بلوچستان کے قومی رہنماؤں میر عبدالعزیز کرد,یوسف عزیز مگسی, میر غوث بخش بزنجو، عبدالصمد خان اچکزئی نواب خیر بخش مری,نواب بگٹی، سردار عطااللہ مینگل، سردار اختر مینگل سمیت متعدد بلوچ پشتون رہنما پابند سلاسل رہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان انٹرنیشنل تھنک ٹینک اور فرینڈز آف یونیورس سوسائٹی پاکستان محمود خان اچکزئی کے خلاف دائر ایف آئی آر کو انتقامی کاروائیوں کا تسلسل قرار دیتے ہوئے اس عمل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ایسے اقدامات سے جمہوریت کمزور ہوگی حکومت کو ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جن سے عوام میں غم و غصہ بڑھے عوام پہلے ہی مہنگائی غریب سے تنگ آ چکے ہیں حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں