خصوصی انسداد پولیو مہم کا انعقاد، 2 کروڑ 40 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے

0
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)ملک کے 91 اضلاع میں 29 اپریل بروز پیر سے پانچ سال سے کم عمر 2 کروڑ 40 لاکھ سے زائد بچوں کو عمر بھر کیلئے معذور بنانے والے پولیو وائرس سے بچاو کے قطرے پلانے کی خصوصی پولیو مہم شروع ہو گی۔
خصوصی انسدادِ پولیو مہم اسلام آباد، پنجاب کے 10 اضلاع، سندھ کے 24 اضلاع، خیبرپختونخوا کے 26 اضلاع اور بلوچستان کے 30 اضلاع میں منعقد کی جارہی ہے جس کے دوران پولیو ٹیمس گھر گھر جا کر 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائیں گی۔
وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے قومی صحت ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ نے کہا کہ حکومتِ پاکستان ملک بھر کے بچوں کو پولیو کے موذی مرض سے محفوظ بنانے کیلئے پہلے سے زیادہ پرعزم ہے۔
"حالیہ دنوں میں ملک میں سیوریج کے پانی کے متعدد نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا ہے جس کا مطلب ہے کہ یہ وائرس بچوں کی صحت کیلئے ایک سنگین خطرہ ہے۔” ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ نے مزید کہا کہ پولیو لاعلاج مرض ہے اور اس سے بچاو کا واحد حل ویکسینیشن ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیو مہم کے دوران پولیو ورکرز آپ کے گھر کی دہلیز پر آئیں گے ان کے ساتھ مکمل طور پر تعاون کریں اور اپنے 5 سال سے کم عمر بچوں کی ویکسینیشن کو یقینی بنائیں۔
کوآرڈینیٹر قومی ایمرجنسی آپریشنز سنٹر ڈاکٹر شہزاد بیگ نے کہا کہ یہ ایک انتہائی اہم مہم ہے جس کا انعقاد ان اضلاع میں کیا جارہا ہے جہاں پولیو وائرس کے پھیلاو کا زیادہ خطرہ ہے۔
ڈاکٹر شہزاد بیگ نے مزید کہا کہ ””ہم نے اس سال 31 اضلاع میں پولیو وائرس کا پتہ لگایا ہے اور یہ ہی وجہ ہے کہ ہم ان تمام ہائی رسک اضلاع میں باقاعدگی سے پولیو مہم کا انعقاد کر رہے ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ بچوں میں اس وائرس سے لڑنے کیلئے قوت مدافعت پیدا ہو۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.