اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز کی نظر میں ’نہیں‘ کا لفظ نہیں ہے۔ میڈیا میری فیملی کی طرح ہے، سیاست کا آغاز کرنے کے بعد میں میڈیا میں آ گئی تھی، میں اپنی فیملی کو اتنا ٹائم نہیں دے پاتی جتنا کیمروں کو دیتی ہوں، یہ پارٹی قیادت کا اعتماد ہے جو مجھے اتنی بڑی ذمہ داری دی ہے۔میں آپ سے کبھی کسی خبر کی روک تھام کے لیے نہیں کہوں گی لیکن غلط اور جھوٹی خبروں کو پھیلانے سے روکنا چاہیے۔اب الزام لگا کر بھاگا نہیں جاسکے گا،پنجاب حکومت ڈیفرمیشن کا قانون لارہی ہے.

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ میڈیا میری فیملی کی طرح ہے، سیاست کا آغاز کرنے کے بعد میں میڈیا میں آ گئی تھی، میں اپنی فیملی کو اتنا ٹائم نہیں دے پاتی جتنا کیمروں کو دیتی ہوں، یہ پارٹی قیادت کا اعتماد ہے جو مجھے اتنی بڑی ذمہ داری دی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہماری جماعت اور حکومت میڈیا فرینڈلی ہے، ہم کوشش کرتے ہیں کہ میڈیا کوجتنی سہولیات دے سکتے ہیں دیں، جرنلسٹ اسپورٹس فنڈز کے حوالے سے بری خبر آئی ہے کے فنڈز نہیں دیے جا رہے، ہماری جماعت کے علاوہ تمام جماعتوں نے میڈیا کے فنڈز کم یا ختم کیے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں آپ سے کبھی کسی خبر کی روک تھام کے لیے نہیں کہوں گی لیکن غلط اور جھوٹی خبروں کو پھیلانے سے روکنا چاہیے۔
عظمی بخاری نے باور کروایا کہ صحافیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے، جو صحافیوں کی طرف سے درخواستیں دی جاتی ہیں، وہ 5،6 مہینے التوا میں رہتی ہیں تو ہم اس پر ایک ڈیڈ لائن بنائیں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اسلام آباد میں میڈیا ٹاؤن فیز 2 کا ہونا بہت ضروری ہے، میڈیا ٹاؤن فیز 2 پر تیزی سے کام جاری ہے، میٹرو اسٹیشن کی میڈیا ٹاؤن تک رسائی بھی ممکن بنانا ہے، ہم صحافیوں کے لئے نیا ہاؤسنگ فیز لارہے ہیں، لاہور کی طرز پر اسلام آباد میں بھی صحافیوں کے لیے سوسائٹی بنے گی۔
عظمی بخاری نے کہا کہ میڈیا بہت تیز ہے، ایک ایک ٹکر سے حکومتوں کی دوڑیں لگ جاتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز عوام کو سہولیات کی فراہمی پریقین رکھتی ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب عوام کے لیے دن رات کام کررہی ہیں، مسلم لیگ (ن)کی سیاست جھوٹ، بہتان کے بجائے عوامی خدمت ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری کاکہنا تھا کہ 64 لاکھ خاندانوں کو راشن کی فراہمی ہو یا ائیر ایمبولینس کا آغاز پنجاب حکومت کا خاصا ہے۔مریم نواز کی حکومت کا کوئی منصوبہ فائل میں نہیں ہے ہر کام گراونڈ پر ہورہا ہے۔سرگودھا میں دل کے امراض کا اسپتال پر تیزی سے وزیر اعلی کے حک پر کام ہورہا ہے۔دستک پروگرام پر وزیر اعلی تیزی سے کام کا آغاز کررہی ہیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری کاکہنا ہے کہ ایک سیاسی جماعت جب باہر نکلتی ہے پولیس والوں کے سر کھولے جاتے ہیں۔2012 سے 2024 تک انکا وتیرہ رہا ہے کہ نقصان ہی کرنا ہے۔سیاسی جماعتوں پر پابندی نہیں دہشت گردوں پر ضرور پابندی ہوگی۔
وزیر اعلٰی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے اسلام آباد پر چڑھائی کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کا بیان انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔
عظمی بخاری کاکہنا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے رمضان پیکج پر عوام سے بعد میں معافی مانگ لی۔خیبرپختونخوا حکومت نے ائیر ایمبولینس کا اعلان کیا بعد میں معذرت کرلی ۔ہمارے مخالفین کی زبان درازی کے کلچر میں تبدیلی نہیں آرہی ہے۔ہم جگہ جگہ جاکر پاکستان کی معیشت کو بہتر بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔یہ لوگ کبھی آئی ایم ایف کو خط لکھتے ہیں تو کبھی آئی ایم ایف کے دفتر کے باہر جاکر بیٹھ جاتے ہیں۔ پاکستان کی کچھ بہتری ہونے لگتی ہے تو یہ لوگ کہتے ہیں ہم چڑھائی کردیں گے۔مریم نواز کو ان رویوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے۔
عظمی بخاری کاکہنا تھا کہ میں چیلنج کرتی ہوں کہ خیبر پختونخواہ کی حکومت کوئی اپنا دس سال میں ایک بڑا منصوبہ بتائے۔ خیبر پختونخواہ کی عوام کا حق ہے کہ ان کو بھی ترقیاتی منصوبے ملیں۔9 مئی کا دن پاکستان کی تاریخ میں نہیں ہوگا۔
