اسلام آباد(نیوزڈیسک) قومی و صوبائی اسمبلی کی خالی نشستوں پر 21 اپریل کو ہونیوالے ضمنی انتخابات کے لئے انتخابی مہم آج رات 12بجے ختم ہوجائیگی۔۔
تفصیلات کے مطابق قومی اور صوبائی دونوں اسمبلیوں کی 23خالی نشستوں کے لیے ضمنی انتخابات 21اپریل کو ہونگے ، ضمنی انتخابات میں کل 239 امیدوار میدان میں ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضمنی انتخابات کے لئے ریٹرننگ آفیسرز (آر اوز) اور پریذائیڈنگ آفیسرز (پی اوز) کو فرسٹ کلاس مجسٹریٹس کے مساوی اختیارات دیدیئے ہیں۔
ای سی پی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ضمنی انتخابات میں کل 239امیدوار حصہ لیں گے جن میں سے 50خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشستوں کے لیے مقابلہ کریں گے۔
خیبرپختونخوا میں اس حوالے سے انتظامات مکمل کرلیے گئے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ضمنی انتخابات قومی اسمبلی کے حلقوں این اے 8 باجوڑ، این اے 44 ڈیرہ اسمٰعیل خان، اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں پی کے 22 باجوڑ اور پی کے 91 کوہاٹ میں ہوں گے۔
الیکشن کمیشن نے بتایا کہ پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوکر شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔الیکشن کمیشن کا بتانا ہے کہ انتخابی مہم جمعہ اور ہفتہ کی رات اختتام پذیر ہوگی۔
جبکہ مجموعی طور پر 49 امیدواروں میں مقابلہ ہوگا۔الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی انتخابات میں 14لاکھ 71 ہزار سے زائد ووٹرز اپناحق رائے دہی استعمال کریں گے۔
مجموعی طور پر 892 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں جبکہ 139 پولنگ سٹیشن انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں۔