مقبوضہ غزہ (نیوزڈیسک)غزہ میں فلسطینی وزارت صحت نے سات اکتوبر سے اب تک اسرائیلی بمباری سے ہونے والی شہادتوں کے اعداد و شمار جاری کردیئے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ان اعداد و شمار میں بتایا گیا کہ مجموعی طور پر کم از کم 31553 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا تھاکہ ان شہیدہونے والوں میں دوتہائی تعداد فلسطینیوں بچوں اور عورتوں کی ہے۔وزارت کی طرف سے جاری کردہ تازہ اعداد وشمار میں اب تک کے زخمیوں کی تعداد 73546 بتائی گئی ہے۔
تاہم یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ ان میں سے کتنے زخمی علاج کی سہولت میسر ہو سکی ہے کیونکہ غزہ میں ہسپتال کی بڑی تعداد بمباری اور حملوں سے تباہ کی جا چکی ہے جبکہ باقی تھوڑے بہت بچ جانے والوں میں علاج کی سہولیات ناکہ بندی کے باعث ختم ہو چکی ہیں اور تقریبا سبھی ہسپتال ناکارہ ہو چکے ہیں۔
جاری کردہ بیان میں بتایا گیا پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران 63 فلسطینی شہری شہید اور 112 زخمی ہوئے ۔
ادھر اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو نے رفح پر اسرائیلی فوج کے حملے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔ لیکن یہ نہیں واضح کہ رفح پر یہ حملہ کس روز یا کس وقت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔