غیر قانونی قبضوں کے خلاف کارروائی: ڈپٹی کمشنر حافظ آباد کی زیر صدارت اہم اجلاس
حافظ آباد میں ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق کی زیر صدارت ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں شہریوں کی زمینوں اور جائیدادوں پر ناجائز قبضوں اور دیگر تنازعات کے فوری حل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
کراچی میں کامیابی کے بعد ای چالان کے دائرہ کار سندھ کے 7 اضلاع تک بڑھانے کا فیصلہ
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو تنویر یاسین، پولیس نمائندگان، محکمہ ریونیو کے افسران اور دیگر متعلقہ محکموں کے عہدیداران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ شہریوں کی املاک کے تحفظ اور ناجائز قابضین کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد حکومتی ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ زمینی تنازعات، وراثتی جھگڑوں اور قبضہ مافیا کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنائی جائیں گی اور شہریوں کو انصاف کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ اجلاس میں تمام زیر التوا کیسز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور متعلقہ محکموں کو ریکارڈ کو شفاف رکھنے نیز درخواست گزاروں کو ہر پیش رفت سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر نے زور دیا کہ مشترکہ آپریشنز کے ذریعے ناجائز قبضوں کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور عوام کو ریلیف دینے میں کمیٹی اپنا کردار بہتر طور پر ادا کرے۔