پیر کو کراچی میں جاری 35ویں نیشنل گیمز کے ایتھلیٹکس مقابلے میں واپڈا کے ایتھلیٹوں نے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔
مردوں کی 100 میٹر دوڑ میں واپڈا کے سمیع اللہ خان نے 10.30 سیکنڈ کا وقت لے کر گولڈ میڈل جیتا اور پاکستان کے تیز ترین ایتھلیٹ بن گئے۔ آرمی کے عثمان نے سلور اور راشد ریاض نے برانز میڈل حاصل کیا۔
کے پی حکومت ریاست کو سپورٹ کرتی ہے تو ٹھیک ورنہ گورنر راج لگے گا، گورنر خیبرپختونخوا
خواتین کی 100 میٹر میں واپڈا کی فائقہ ریاض نے 11.7 سیکنڈ میں فاصلہ طے کرکے گولڈ میڈل جیتا اور پاکستان کی تیز ترین خاتون ایتھلیٹ کا اعزاز حاصل کیا۔ ایچ ای سی کی خاولہ عمر نے سلور جبکہ آرمی کی تامین خان نے برانز میڈل اپنے نام کیا۔
جیولین تھرو مقابلے میں اولمپک چیمپئن ارشد ندیم نے 81.81 میٹر کی تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا۔ یاسر سلطان نے سلور اور آرمی کے ابرار نے برانز میڈل حاصل کیا۔
خواتین کی پول والٹ میں امریکا سے آئی اور پاکستان آرمی کی نمائندگی کرنے والی نورین حسین نے 2.90 میٹر کی جمپ کے ساتھ گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔
دیگر ایونٹس میں واپڈا کی ماریہ (خواتین 10,000 میٹر)، آرمی کے طلحہٰ سلیم (اسٹیپل چیز)، نیوی کے انصر عباس (لانگ جمپ)، واپڈا کی نورین فاطمہ (خواتین ہائی جمپ)، آرمی کے جمشید علی (شاٹ پٹ) اور محمد اختر (مردوں کی 5,000 میٹر دوڑ) نے بھی گولڈ میڈل جیتے۔
ایتھلیٹکس مقابلے منگل کو بھی جاری رہیں گے جہاں مزید 12 گولڈ میڈلز کے فیصلے ہوں گے۔