کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ میں صحت کے شعبے میں ہونے والی ترقی 18ویں آئینی ترمیم کی کامیابی کا واضح ثبوت ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی (کارڈیو ویسکیولر سینٹر) آج عالمی معیار کے علاج کی سہولیات فراہم کر رہا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ صوبوں کو مالی وسائل کی منتقلی درست فیصلہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر صوبوں کو فنڈز دینے کو غلط قرار دیا جاتا تو آج این آئی سی وی ڈی سمیت سندھ میں موجود جدید ترین اسپتالوں کی صورتحال دیکھ لی جائے۔
کراچی میں 5000 بیڈز کا سب سے بڑا اسپتال، مراد علی شاہ کا اعلان
چیئرمین پیپلزپارٹی نے بتایا کہ وسائل کی منتقلی سے پہلے وفاقی انتظام میں چلنے والے بڑے اداروں، خصوصاً جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جناح اسپتال) کی حالت کسی سے پوشیدہ نہیں تھی، جو اب بھی توجہ کا محتاج ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے صحت سمیت دیگر شعبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت نمایاں کام کیا ہے، جس کا فائدہ براہِ راست عوام کو پہنچ رہا ہے۔ بلاول بھٹو کے مطابق این آئی سی وی ڈی کا ملک بھر میں پھیلتا ہوا نیٹ ورک صوبائی حکومت کے وژن اور مؤثر حکمتِ عملی کی مثال ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ صوبوں کو مالی وسائل دینا غلطی نہیں بلکہ آئینی حق ہے اور پیپلزپارٹی کی حکومت اس حق کو استعمال کرتے ہوئے شہریوں کو معیاری اور مفت علاج فراہم کر رہی ہے، تنقید کرنے والے سندھ کے اسپتالوں کا دورہ کرکے خود فرق محسوس کریں۔