چیف جسٹس آف پاکستان اور چیئرمین جوڈیشل کمیشن جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں اعلیٰ عدلیہ میں تقرریوں سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔ اعلامیے کے مطابق اجلاس میں سندھ، بلوچستان ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے لیے نئی تعیناتیوں کی منظوری دی گئی۔
جوڈیشل کمیشن نے جسٹس میاں گل حسن کو سپریم کورٹ کا مستقل جج بنانے کی منظوری دیدی
جوڈیشل کمیشن نے جسٹس ظفر احمد راجپوت کو سندھ ہائی کورٹ کا نیا چیف جسٹس مقرر کرنے کی سفارش کی ہے اور اس معاملے کو صدرِ مملکت کی منظوری کے لیے وزارتِ قانون کو ارسال کر دیا گیا ہے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ جسٹس کامران ملا خیل کو بلوچستان ہائی کورٹ کا نیا چیف جسٹس مقرر کیا جائے، جس کی سمری بھی صدر کو بھیج دی گئی ہے۔
سپریم کورٹ کے لیے بھی اہم تقرری کی منظوری دی گئی۔ ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن نے جسٹس میاں گل حسن کو سپریم کورٹ کا مستقل جج بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ معاملہ بھی آئینی طریقہ کار کے تحت صدرِ مملکت کی منظوری کے لیے وزارتِ قانون کو بھجوا دیا گیا ہے۔