وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ناجائز قبضے کے معاملات کو فوری اور ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ انہوں نے آرڈیننس 2025 کے مکمل نفاذ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جائیدادوں پر ناجائز قبضے کے حوالے سے روزانہ مانیٹرنگ کی جائے گی اور انہیں براہ راست رپورٹ پیش کی جائے گی۔
برطانیہ میں نئے مالیاتی سال کا بجٹ پیش، کم از کم آمدن کی حد مزید 3 سال کیلئے منجمد
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز روزانہ اجلاس کریں گے اور ناجائز قبضے کے خلاف کارروائی کو یقینی بنائیں گے۔ عوام تک فوری اقدامات کی اطلاع پہنچانے کے لیے مساجد میں اعلانات کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔
مریم نواز نے ہر تحصیل میں اسسٹنٹ کمشنر کے دفاتر میں بھی قبضے کے بارے میں درخواستیں وصول کرنے کا نظام قائم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے گجرات، لیہ، حافظ آباد اور دیگر اضلاع میں قبضے کے معاملات کے فوری حل نہ ہونے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ تین ہفتوں میں پنجاب بھر میں ناجائز قبضے کے خلاف دو ہزار انیس درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جن میں سے ڈسٹرکٹ ڈسپیوٹ ریزولیشن کمیٹیوں نے چار سو نینیانوے معاملات حل کر دیے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے زور دے کر کہا کہ وہ ناجائز قبضے کے معاملات کے فوری حل کے ذریعے عوام کو ریلیف فراہم کرنا چاہتی ہیں اور وہ خود اس معاملے کی براہ راست مانیٹرنگ کریں گی۔