اسلام آباد پولیس نے وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کے قیام، جرائم کے خلاف کارروائی اور شہری سہولیات کے لیے مؤثر اقدامات تیز کر دیے ہیں۔
انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی ہدایات پر جاری کریک ڈاؤن کے دوران مختلف تھانوں کی پولیس ٹیموں نے کارروائیاں کرتے ہوئے منشیات اور اسلحہ رکھنے والے آٹھ ملزمان کو گرفتار کیا۔ ان کے قبضے سے تین ہزار سات سو پچاس گرام چرس، دو سو پندرہ گرام آئس اور مختلف برانڈ کے پانچ پستول کے ساتھ گولیاں برآمد ہوئیں۔ اس کے علاوہ مجرمانہ اشتہاریوں کے خلاف چلائی جانے والی خصوصی مہم کے دوران پانچ اشتہاری مجرمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔
پاکستان اور سعودی عرب کی مشترکہ فوجی مشقیں البطار ٹو اختتام پذیر،آئی ایس پی آر
اسی سلسلے میں آئی جی اسلام آباد کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی آئی جیز، اے آئی جیز، ایس ایس پیز اور زونل ایس پیز نے شرکت کی۔ اجلاس میں وفاقی دارالحکومت کی مجموعی سکیورٹی، جرائم کی روک تھام اور شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ آئی جی نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے، داخلی و خارجی راستوں پر اسمارٹ چیکنگ، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور شہریوں کے لیے پولیس سروسز کی بہتری کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے نئے ایس پی رورل زون کو امن و امان اور کمیونٹی پولیسنگ کے بہتر اقدامات پر خصوصی ہدایات بھی جاری کیں۔
دوسری جانب ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد نے شہر کے مختلف ڈیوٹی پوائنٹس اور ناکہ جات کا معائنہ کیا اور پولیس اہلکاروں کو ہدایت کی کہ مشکوک افراد اور گاڑیوں کی بھرپور چیکنگ کی جائے، شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے اور ہر مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام سکیورٹی اقدامات کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر "پکار 15” ہیلپ لائن پر دیں۔