حماس کا ایک وفد غزہ میں جنگ بندی کے حوالے سے ثالث ممالک سے مذاکرات کے لیے مصر کے دارالحکومت قاہرہ پہنچ گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حماس اور مصری سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ حماس کا وفد ثالثوں سے ملاقات کے لیے قاہرہ آیا ہے۔ اس دوران اسرائیل اور فلسطینی مزاحمتی تحریک دونوں ایک دوسرے پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کر رہے ہیں۔
ضمنی الیکشن میں ووٹ ڈالنے کی ویڈیو وائرل ہونے پر عابد شیر علی کیخلاف کارروائی، نوٹس جاری
حماس کے ایک عہدیدار نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ وفد ثالثوں سے اسرائیل کی جانب سے غزہ جنگ بندی کی مسلسل ہونے والی خلاف ورزیوں پر بات چیت کرے گا۔
مصر، قطر اور امریکہ کی ثالثی میں گزشتہ ماہ حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت غزہ میں امدادی مہم اور بحالی کا عمل شروع کرنے کا موقع دیا گیا تھا۔
ادھر اسرائیل کے وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے بتایا کہ ان کی فوج نے ہفتے کے روز ایک کارروائی کے دوران حماس کے پانچ سینئر رہنماؤں کو نشانہ بنایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جنگجو غزہ کے اندر اسرائیلی فوجیوں پر حملے کے لیے بھیجے گئے تھے۔
غزہ کی وزارت صحت کے حکام کے مطابق، ہفتے کے روز اسرائیلی بمباری سے غزہ میں بائیس افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ حماس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں ان کے مقامی کمانڈر بھی شامل تھے۔