راولپنڈی میں درجہ حرارت میں کمی نے ڈینگی کی سرگرمیوں کو محدود کرنا شروع کر دیا ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق راولپنڈی میں موسم سرما کے نتیجے میں ڈینگی کیسز میں واضح کمی دیکھنے میں آرہی ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے دس کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مختلف اسپتالوں میں ڈینگی سے متاثرہ دس مریض زیر علاج ہیں۔
بچوں کیخلاف جرائم میں ملوث لوگ سماج کے ناسور ہیں، جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے: مریم نواز
ڈی ایچ او ہیلتھ راولپنڈی ڈاکٹر جواد کے مطابق ضلع بھر میں اب تک ڈینگی کے ایک ہزار پانچ سو اڑتالیس مثبت کیسز سامنے آئے ہیں تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ رواں سیزن میں ڈینگی سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔
محکمہ صحت راولپنڈی کے مطابق رواں سیزن میں مجموعی طور پر دو سو چھتیس افراد کی اسکریننگ کی گئی جبکہ یکم جنوری 2025 سے اب تک ایک ہزار تین سو اکسٹھ ٹیموں نے ضلع بھر میں ڈینگی سرویلنس کا کام جاری رکھا ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق رواں سیزن میں اب تک چھیاسٹھ لاکھ پندرہ ہزار سات سو تینتیس گھروں کی چیکنگ مکمل کی جا چکی ہے جس دوران دو لاکھ چودہ ہزار سے زائد لاروا ہاٹ سپاٹس دریافت ہوئے۔ رواں سیزن میں انیس لاکھ چھ ہزار دو سو اکہتر مقامات کی چیکنگ میں انتیس ہزار دو سو چوہتر لاروا پازیٹو ملے جبکہ مجموعی طور پر دو لاکھ تینتالیس ہزار تین سو لاروا برآمد کیا گیا۔
ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سخت کارروائیاں بھی کی گئیں۔ رواں سیزن میں راولپنڈی بھر میں چار ہزار آٹھ سو باون ایف آئی آرز درج کی گئیں، ایک ہزار نو سو پینتالیس عمارتیں سیل کی گئیں جبکہ تین ہزار سات سو سڑسٹھ چالان جاری کیے گئے۔
سی او ہیلتھ ڈاکٹر احسان غنی کے مطابق ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ایک کروڑ چودہ لاکھ انتالیس ہزار سات روپے جرمانے کی مد میں وصول کیے گئے۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ٹمپریچر میں مزید کمی کے ساتھ ڈینگی کی سرگرمیوں میں مزید کمی متوقع ہے، تاہم شہریوں کو احتیاطی تدابیر پر عمل جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔