راولپنڈی: نان بائیوں کی ہڑتال ختم ہونے کے بعد شہر کے تمام تندور دوبارہ کھل گئے، جہاں نان، پراٹھا اور روغنی نان خریدنے کے لیے شہریوں کا رش دیکھنے میں آیا۔
تندور کھلنے سے چھوٹے ہوٹلوں، ریڑھیوں اور چنے فروخت کرنے والوں کا کاروبار بھی بحال ہوگیا، جبکہ بیکریوں پر ڈبل روٹی، بن اور شیر مال خریدنے والوں کا ہجوم کم ہوگیا۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کی ہتھیاروں کے کنٹرول اور جوہری سلامتی سے متعلق 4 قراردادیں منظور
نان کی قیمت 30 سے بڑھا کر 35 روپے اور روغنی نان و پراٹھے کی قیمت 50 سے بڑھا کر 60 روپے کر دی گئی۔ سرخ پتیری روٹی 14 سے 15 روپے اور خمیری روٹی 25 سے بڑھا کر 30 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے۔
انتظامیہ نے ہدایت کی ہے کہ سرخ روٹی کی قیمت دوبارہ 14 روپے مقرر کی جائے، بصورتِ دیگر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف چالان اور جرمانے کیے جائیں گے۔
نان بائی ایسوسی ایشن کے صدر شفیق قریشی نے بتایا کہ چار روز بعد ہڑتال ختم کر دی گئی ہے اور آل پنجاب نان بائی کنونشن 13 نومبر کو بلایا گیا ہے، جس میں حکومت کے لیے نیا چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کنونشن میں اسلام آباد اور پنجاب بھر کے نمائندے شرکت کریں گے۔