اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے سکیورٹی فورسز سے متعلق بیان کو اشتعال انگیز اور افسوسناک قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔
کمپنی نے ملازمین کو سونے میں تول دیا، کی بورڈ کے گولڈ بٹنوں کا تحفہ
ایک بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کے بہادر سپوتوں کے بارے میں بے بنیاد اور حقائق سے ہٹ کر بیان ناقابلِ برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو افسر اور جوان وطن کے امن کے لیے اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں، ان کے خلاف اس طرح کا بیان کوئی محب وطن شخص نہیں دے سکتا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اپنے بیان سے ازلی دشمن کو خوش کرنے کی کوشش کی ہے، جب کہ سکیورٹی فورسز کی لازوال قربانیوں کو پوری دنیا اور پوری قوم تسلیم کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان ہی سکیورٹی فورسز کے جوانوں نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے ملک میں امن قائم کیا، خاص طور پر اس صوبے میں جہاں سب سے زیادہ اہلکاروں نے شہادتیں دی ہیں، مگر وزیراعلیٰ نے احسان فراموشی کی انتہا کر دی۔
محسن نقوی نے کہا کہ کوئی بھی محب وطن شخص سکیورٹی فورسز کے خلاف اس طرح کے بیانات کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا۔ ان کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو اپنے اشتعال انگیز بیان پر پوری قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔