اداکار، میزبان اور ہدایتکار دانش نواز نے انکشاف کیا ہے کہ وہ رمضان المبارک کے دوران تمام پیشہ ورانہ سرگرمیاں معطل کر دیتے ہیں اور مکمل طور پر عبادت میں وقت گزارتے ہیں۔
27 ویں آئینی ترمیم کی مخالفت کریں گے، یہ صوبائی خودمختاری پر ڈاکا ہے: وزیر اعلیٰ پختونخوا
اپنے ایک انٹرویو میں دانش نواز نے بتایا کہ وہ رمضان کے دوران نہ اداکاری کرتے ہیں اور نہ ہی کسی ڈرامے کی ہدایت کاری انجام دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ رمضان یا عید کے لیے بننے والے خصوصی ڈراموں یا ایپی سوڈز کی شوٹنگ بھی اس مہینے میں نہیں کرتے۔
دانش نواز کے مطابق رمضان اللہ کی رحمتیں اور برکتیں سمیٹنے کا مہینہ ہے، اس لیے اس دوران عبادت پر توجہ دینا سب سے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں جب وہ رمضان میں ڈراموں کی شوٹنگ کرتے تھے تو عبادت کے لیے وقت نہیں مل پاتا تھا اور وہ اس مہینے کے روحانی سکون سے محروم رہ جاتے تھے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اسی تجربے کے باعث اب وہ رمضان کے پورے مہینے کام سے کنارہ کشی اختیار کرتے ہیں تاکہ اپنی توجہ صرف عبادت اور روحانی طمانیت پر مرکوز رکھ سکیں۔
واضح رہے کہ دانش نواز نے ماضی میں رمضان سے متعلق مشہور ڈرامے "ہم تم” اور "چپکے چپکے” کی ہدایت کاری کی تھی، جو ناظرین میں بے حد مقبول ہوئے تھے۔