27ویں ترمیم وفاق کے لیے خطرہ ہے حکومت ہوش کے ناخن لے، چیئرمین پی ٹی آئی

27ویں ترمیم وفاق کے لیے خطرہ ہے حکومت ہوش کے ناخن لے، چیئرمین پی ٹی آئی

0

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ 27ویں آئینی ترمیم وفاق کے لیے خطرہ ثابت ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین میں ترمیم کا حق صرف ان اراکین کو حاصل ہے جو عوامی مینڈیٹ کے ساتھ ایوان میں آئے ہیں۔

کسی صوبے کو اجناس کی ترسیل روکنے کا کوئی اختیار نہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پورے ملک میں بے چینی پائی جاتی ہے کیونکہ یہ تاثر ابھر رہا ہے کہ وفاق صوبوں کے اختیارات میں مداخلت کر رہا ہے۔ ان کے مطابق موجودہ حکومت نے صرف 16 نشستوں کے ساتھ اقتدار سنبھالا، جو عوامی مینڈیٹ کی نمائندگی نہیں کرتی۔

انہوں نے کہا کہ آئین میں ترمیم ایک نہایت سنجیدہ معاملہ ہے، بھارت میں اب تک 106 ترامیم ہوچکی ہیں، لیکن وہاں ہر ترمیم قومی اتفاقِ رائے سے کی گئی۔ گوہر علی خان نے کہا کہ پاکستان کی 18ویں ترمیم بھی متفقہ طور پر منظور ہوئی تھی، جسے قوم نے خوشی سے قبول کیا، جبکہ 26ویں ترمیم کی چار شقوں پر بھی شدید اعتراضات موجود ہیں۔

انہوں نے حکومت کو تنبیہ کی کہ 27ویں ترمیم وفاقی ڈھانچے کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے۔ صوبے پہلے ہی 11ویں این ایف سی ایوارڈ کے منتظر ہیں، اس صورتِ حال میں وفاق کو مزید دباؤ میں نہیں لانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم پہلے ہی تقسیم کا شکار ہے، معاشی خسارہ انتہا پر ہے، اور حکومت کو ہوش کے ناخن لینے چاہییں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آئین میں ترمیم کا اختیار صرف ان اراکین کو حاصل ہے جو عوامی مینڈیٹ کے ساتھ منتخب ہوکر آئے ہوں، جبکہ موجودہ حکومت کے پاس ایسا مینڈیٹ موجود نہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ محمود خان اچکزئی کو ان کی نشست سنبھالنے دی جائے کیونکہ پی ٹی آئی نے 74 اراکین کے ساتھ درخواست جمع کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمود خان اچکزئی نے جمہوریت کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں، اس لیے انہیں اپوزیشن لیڈر تسلیم کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔

بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ عوام کو 45 دن کے اندر اپیل کا حق دیا جانا چاہیے کیونکہ یہ ان کا آئینی حق ہے۔ انہوں نے پنجاب حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کو گندم کی ترسیل روک دی گئی ہے، جس کے باعث صوبے میں آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے۔

انہوں نے وزیراعظم پر بھی تنقید کی اور کہا کہ انہوں نے صرف 20 مہینوں میں 34 غیر ملکی دورے کیے ہیں، جبکہ عوامی مسائل پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو اب تک بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، اس لیے اسپیکر اسمبلی سے درخواست ہے کہ اس معاملے پر رولنگ جاری کریں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.