31 لاکھ روپے کا دنیا کا مہنگا ترین برگر متعارف
اسپین کے ساحلی شہر ابررا ڈیل مار میں واقع مشہور ریستوران اسادور آؤپا نے دنیا کا سب سے مہنگا اور نایاب برگر متعارف کرایا ہے، جس کی قیمت 11 ہزار امریکی ڈالر (تقریباً 31 لاکھ پاکستانی روپے) رکھی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ برگر عام گاہکوں کے لیے دستیاب نہیں بلکہ صرف اُن مہمانوں کو پیش کیا جاتا ہے جنہیں ریستوران کی جانب سے خصوصی دعوت دی جاتی ہے۔
ریستوران کے شیفز کے مطابق اس شاہانہ برگر کی تیاری میں آٹھ سال کی تحقیق اور تجربات شامل ہیں، جبکہ اس کی اصل ترکیب اور اجزاء کو مکمل راز میں رکھا گیا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ برگر کی بلند قیمت کسی دکھاوے یا سونے جیسے غیر ضروری اجزاء کی وجہ سے نہیں، بلکہ اعلیٰ معیار، نایاب ذائقے اور منفرد کھانے کے تجربے کی بنیاد پر مقرر کی گئی ہے۔
ماہرین خوراک کے مطابق یہ برگر اپنی قیمت، خصوصیت اور خفیہ ترکیب کے باعث دنیا بھر کے کھانے کے شوقین افراد کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔