افریقی بادشاہ کی 15 بیویوں ، 30 بچوں اور 100 خادموں کےساتھ ابو ظبی آمد کی وائرل ویڈیو
افریقی ملک ایسواتینی (سابقہ سوازی لینڈ) کے بادشاہ مسواتی سوئم کی ایک پرانی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا ہے۔
یہ ویڈیو جولائی میں پہلی بار منظر عام پر آئی تھی، جس میں بادشاہ مسواتی سوئم کو اپنی 15 بیویوں اور 100 خادموں کے ساتھ ابوظبی پہنچتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں بادشاہ روایتی لباس میں ملبوس ایک پرائیویٹ جیٹ سے اترتے ہیں جبکہ ان کے پیچھے خوبصورت لباس پہنے خواتین کا ایک گروپ بھی موجود ہے۔
ویڈیو کے کیپشن میں لکھا گیا ہے کہ "سوازی لینڈ (جسے اب ایسواتینی کہا جاتا ہے) کے بادشاہ اپنی 15 بیویوں اور 100 خادموں کے ساتھ ابوظبی پہنچے، ان کے والد بادشاہ سوبوزا دوم کی 125 بیویاں تھیں۔”
رپورٹس کے مطابق بادشاہ مسواتی کے ساتھ ان کے 30 بچے بھی ابوظبی آئے تھے۔ شاہی قافلے کی آمد پر ایئرپورٹ کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی اور کئی ٹرمینلز کو عارضی طور پر بند کیا گیا۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے بادشاہ مسواتی سوئم کے شاہانہ طرزِ زندگی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ صارفین کا کہنا ہے کہ "ایسواتینی جیسے غریب ملک کے بادشاہ کا یہ طرزِ زندگی اس کے عوام کی حالتِ زار سے بالکل مطابقت نہیں رکھتا۔”
ایک صارف نے لکھا، "کیا یہ اتنا امیر ملک ہے جو پرائیویٹ جیٹ کا خرچہ برداشت کر سکے؟”
جبکہ ایک اور نے تبصرہ کیا، "یہ شخص پرائیویٹ جیٹ میں گھومتا ہے، جب کہ اس کے عوام بھوک سے مر رہے ہیں۔”