سیشن کورٹ لاہور نے امیر بالاج قتل کیس میں ملزم خواجہ عقیل عرف گوگی بٹ کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 13 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔
سید نجف کاظمی نے کیس کی سماعت کی، جس دوران وکیلِ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کی جانب سے فراہم کردہ ریکارڈ پولیس قبول نہیں کر رہی اور اسے تفتیشی ریکارڈ کا حصہ نہیں بنایا جا رہا۔
انویسٹیگیشن آفیسر نے عدالت کو بتایا کہ فراہم کردہ تمام دستاویزات ضمنی تفتیش کا حصہ بنا دی گئی ہیں اور ملزم گوگی بٹ اب تک چار سے پانچ مرتبہ تفتیش میں شامل ہو چکے ہیں۔
وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ سینئر کونسل کی عدم موجودگی کے باعث کیس کی سماعت کل تک ملتوی کی جائے تاکہ دلائل مکمل طور پر پیش کیے جا سکیں۔
ملزم کے وکیل نے مزید کہا کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث گوگی بٹ کے بار بار عدالت میں پیش ہونے میں مشکلات درپیش ہیں۔
جج سید نجف کاظمی نے ریمارکس دیے کہ عدالت کل کی تاریخ نہیں دے سکتی، انتظامی امور بھی مدنظر رکھنے ہوتے ہیں، تاہم اگر فریقین کل پیش نہیں ہو سکتے تو پیر کے روز لازمی پیش ہوں، کیونکہ مزید وقت نہیں دیا جائے گا۔