*کراچی:* سندھ کابینہ نے اموات کے سرٹیفکیٹ کی فیس ختم کرنے کی منظوری دے دی۔
ترجمان سندھ حکومت کے مطابق میونسپل، یونین کونسل اور ٹاؤن کمیٹی سطح پر اموات کے سرٹیفکیٹ کی رجسٹریشن فیس ختم کر دی گئی ہے۔ یہ اقدام ستمبر 2024 میں پیدائش کی مفت رجسٹریشن کے فیصلے کے تسلسل میں کیا گیا ہے۔
وزیرِاعلیٰ سندھ نے کہا کہ نئے انتظام کے تحت حکومتِ سندھ نادرا کی سروس چارجز کی لاگت برداشت کرے گی، اور شہری بغیر کسی فیس کے اموات کے سرٹیفکیٹ حاصل کرسکیں گے۔ ان کے مطابق یہ فیصلہ محکمہ قانون اور محکمہ خزانہ کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔
سندھ کابینہ نے کچے کے علاقوں میں ترقی کے لیے ڈاکوؤں کے ہتھیار ڈالنے کی پالیسی کی بھی منظوری دی۔ ترجمان نے بتایا کہ چیف سیکرٹری کی توثیق کے بعد یہ فیصلہ کابینہ اجلاس میں پیش کیا گیا۔
وزیرِاعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 کے تحت اہم واقعات کی ڈیجیٹل رجسٹریشن کو فروغ دیا جا رہا ہے، اور یہ اقدامات صوبے کے سی آر وی ایس نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔