Gas Leakage Web ad 1

امریکی صدر ٹرمپ کے شکرگزار ہیں ، فلسطین میں جنگ بندی کے قریب ہیں، وزیرِاعظم شہباز شریف

0

وزیرِاعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ جنگ بندی کے لیے پیش کیے گئے 20 نکاتی امن منصوبے پر فلسطینی تنظیم حماس کے مثبت ردِعمل پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ “الحمدللہ، فلسطین میں جنگ بندی کے قریب ہیں۔”

Gas Leakage Web ad 2

اپنے بیان میں وزیرِاعظم نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور آئندہ بھی ان کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے امریکی صدر ٹرمپ اور تمام برادر ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکیہ، اردن، مصر اور انڈونیشیا کے کردار کو خصوصی طور پر سراہا گیا ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ حماس کے حالیہ بیان نے جنگ بندی کی نئی راہ ہموار کی ہے، اور پاکستان تمام دوست ممالک کے ساتھ مل کر مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کے قیام کے لیے کام کرتا رہے گا۔

دوسری جانب، دفترِ خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ موقع غزہ میں یرغمالیوں اور فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے لیے نہایت اہم ہے اور اس وقت انسانی ہمدردی کی امداد کی بلا تعطل ترسیل کو یقینی بنانا ضروری ہے۔

ترجمان کے مطابق پاکستان نے صدر ٹرمپ کی امن کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو فوری طور پر حملے بند کرنے چاہئیں۔ امید ظاہر کی گئی کہ یہ اقدامات دیرپا جنگ بندی اور مستقل امن کی بنیاد رکھیں گے۔

دفترِ خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان ایک تعمیری اور بامعنی کردار ادا کرتا رہے گا۔ پاکستان فلسطینی عوام کی جائز جدوجہد اور ایک خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتا ہے جو 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر قائم ہو، اور القدس الشریف اس کا دارالحکومت ہو۔

یاد رہے کہ چند روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ جنگ بندی کے لیے 20 نکاتی امن منصوبہ پیش کرتے ہوئے حماس کو اتوار تک کا الٹی میٹم دیا تھا۔ حماس نے اس منصوبے کے بعض نکات پر مثبت ردِعمل دیا، جس کے بعد اسرائیل نے غزہ پر قبضے کے منصوبے سے پیچھے ہٹنے کا عندیہ دیا ہے۔ اب امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے کوششیں تیز ہو جائیں گی۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.