اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے مغربی کنارے میں متنازع آبادکاری کے توسیعی منصوبے پر دستخط کرتے ہوئے دو ریاستی حل اور فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا، ان کا کہنا تھا کہ یہ زمین ہماری ہے اور یہاں کوئی فلسطینی ریاست نہیں بنے گی۔ اس منصوبے کے تحت تین ہزار چار سو نئے گھر بنائے جائیں گے جس سے مقبوضہ بیت المقدس سے مغربی کنارہ تقریباً منقطع ہو جائے گا اور اسرائیلی بستیاں آپس میں ملا دی جائیں گی۔ غزہ میں اسرائیلی بمباری سے مزید بہتر فلسطینی شہید اور پانچ افراد بھوک سے جاں بحق ہو گئے، جبکہ اسرائیلی فوج نے چار فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ آئرلینڈ نے اعلان کیا ہے کہ اگر اسرائیل کو یورووژن دو ہزار چھببیس میں شامل کیا گیا تو وہ اس مقابلے کا حصہ نہیں بنے گا۔