وزیراعظم شہباز شریف نے دوحہ کے ہنگامی دورے میں امیر قطر سے ملاقات کی اور اسرائیلی حملے کو کھلی جارحیت قرار دیا، ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کے مطابق وزیراعظم نے مسلم دنیا کے اتحاد کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستانی قوم قطر کے ساتھ کھڑی ہے۔ پاکستان نے قطر پر اسرائیلی حملے اور غزہ میں جاری ظلم کی سخت مذمت کی اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی کو ناقابل قبول قرار دیا۔ وزیراعظم نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی، جبکہ قطر کے ثالثی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی حملہ امن مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے۔ ادھر قازقستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ مرات نورٹلیو نے آٹھ اور نو ستمبر کو پاکستان کا دورہ کیا اور اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ اہم ملاقاتیں کیں جن میں تجارت، زراعت، آئی ٹی، تعلیم، ثقافت اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر بات چیت ہوئی اور دونوں ممالک نے علاقائی روابط بڑھانے اور تعاون کے عملی منصوبے پر دستخط کیے۔