حکومتی فیصلے کے بعد صارفین کے لیے بجلی بلوں میں ایک ماہ کیلئے ریلیف کے حوالے سے بڑی خوشخبری آگئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرہ علاقوں کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ایک ماہ کے بجلی بل معاف کرنے کی ہدایت کر دی۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے وزارت خزانہ کو ہدایت کی سیلاب زدہ علاقوں میں ایک ماہ کیلئے بجلی کے بلوں سے استثنیٰ دینے پر آئی ایم ایف سےرابطہ کریں اور آئی ایم ایف کیساتھ اس ممکنہ ریلیف پربات چیت کرے تاکہ ایک ماہ کے بجلی بلوں پر استثنیٰ سے ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
وزیراعظم نے وزارتِ خزانہ کو آئی ایم ایف سے اس مجوزہ ریلیف پلان پر مشاورت کی ہدایت بھی دی ہے۔
پنجاب گورنر کی تجویز
اس سے قبل گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے وزیراعظم کو خصوصی خط لکھنے کا اعلان کیا تھا، جس میں سیلاب متاثرین کے لیے چھ ماہ کے بجلی بل معاف کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
گورنر پنجاب نے لاہور کے علاقے مہیلوال کے دورے کے دوران متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی، جنہوں نے بتایا کہ سیلابی ریلوں میں ان کے جہیز اور گھریلو سامان بہہ گئے۔
بلاول بھٹو کا مطالبہ
اس سے قبل چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے سیلاب متاثرین کے بجلی کے بل معاف کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ سیلاب نے ملک بھر میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے اور سب سے زیادہ نقصان پنجاب میں ہوا ہے۔
چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی تین مراحل پر مشتمل ہوتی ہے، پہلے جان بچانا، دوسرا ریلیف دینا اور تیسرا بحالی کا عمل شروع کرنا۔ "زیادہ تر توجہ ریلیف پر دی جاتی ہے لیکن اصل ضرورت ری کنسٹرکشن اور ری ہیبلیٹیشن کی ہے۔”