مارک زکربرگ کا مارک زکربرگ کیخلاف مقدمہ، حیران کن قانونی جنگ
امریکی ریاست انڈیانا کے ایک وکیل مارک ایس زکربرگ نے ٹیکنالوجی کمپنی میٹا کے خلاف مقدمہ دائر کیا ہے کیونکہ ان کے مطابق فیس بک نے ان کے ذاتی اور پیشہ ورانہ اکاؤنٹس اس بنیاد پر بار بار بند کیے کہ وہ معروف سی ای او مارک ای زکربرگ کی نقالی کر رہے ہیں۔ وکیل کے مطابق دو ہزار بائیس سے دو ہزار پچیس کے دوران ان کا ذاتی اکاؤنٹ نو بار اور ان کی لاء فرم کا صفحہ پانچ بار معطل ہوا، جس سے ان کا کاروبار اور ساکھ متاثر ہوئی اور گیارہ ہزار ڈالر کے اشتہارات بھی ضائع ہو گئے۔ وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ میٹا کا نگران نظام ناکام رہا اور کمپنی نے ان کی شناخت کی درست جانچ نہیں کی۔ میٹا نے بعد میں تسلیم کیا کہ یہ ایک غلطی تھی اور اکاؤنٹس بحال کر دیے، تاہم وکیل اب بھی ہرجانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ یہ مقدمہ سوشل میڈیا پر خاصا مقبول ہو گیا ہے اور لوگ دلچسپ انداز میں تبصرے کر رہے ہیں کہ مارک زکربرگ نے مارک زکربرگ پر مقدمہ کر دیا، جب کہ وکیل نے بھی مزاحیہ انداز میں کہا کہ اگر دوسرا مارک زکربرگ ذاتی طور پر معافی مانگنا چاہے یا اپنی یاٹ پر مدعو کرے تو وہ انکار نہیں کریں گے۔
