پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کرانے کا اعلان کردیا۔
افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) نے پاکستان، افغانستان اور سری لنکا کے درمیان تین قومی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز میں شرکت کی سرکاری تصدیق کر دی، جبکہ پی سی بی نے ٹرائی سیریز کا اعلان کردیا۔
پاکستان، افغانستان اور سری لنکا کے درمیان تین قومی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز لاہور اور راولپنڈی میں 17 سے 29 نومبر تک منعقد ہوگی۔
یہ سیریز پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے منعقد کی جائے گی اور یہ اگلے سال کے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی اہم تیاری کا حصہ ہے۔
شیڈول کے مطابق ہر ٹیم گروپ مرحلے کے چھ میچوں میں ایک دوسرے کے خلاف دو بار کھیلے گی، جس میں سرفہرست دو ٹیمیں فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی، جو 29 نومبر کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
ٹورنامنٹ 17 نومبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں میزبان پاکستان اور افغانستان کے درمیان میچ سے شروع ہوگا، افغانستان 19 نومبر کو راولپنڈی میں ہی سری لنکا کا مقابلہ کرے گا۔
ایونٹ بعد میں لاہور منتقل ہو جائے گا، جہاں افغانستان 23 نومبر کو پاکستان اور 25 نومبر کو سری لنکا کے خلاف اپنا آخری گروپ مرحلہ کا میچ کھیلے گا۔