دنیا بھر کے دو سو پچاس سے زائد میڈیا اداروں نے غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے صحافیوں کو نشانہ بنانے کے خلاف احتجاج میں اپنے فرنٹ پیجز، ویب سائٹس اور پروگرامز کو بلیک آؤٹ کر دیا ہے۔ یہ احتجاج رپورٹرز ود آؤٹ بارڈر اور تحریک آواز کی مشترکہ کوشش ہے، جس میں ستر ممالک کے میڈیا ادارے شامل ہیں۔ اس احتجاج کا مقصد فلسطینی صحافیوں کے تحفظ، میڈیا کی آزاد رسائی اور اسرائیلی فوج کے جرائم روکنے کا مطالبہ کرنا ہے۔ رپورٹ کے مطابق غزہ میں گزشتہ دو سال سے جاری حملوں میں دو سو بیس صحافی جاں بحق ہو چکے ہیں اور بہت سے زخمی ہیں۔ اس احتجاج میں ٹی وی اور ریڈیو اسٹیشنز بھی مشترکہ بیانات نشر کریں گے اور آن لائن میڈیا ہوم پیجز پر بلیک آؤٹ یا بینر لگائیں گے۔
